کاکس بازار/ بنگلہ دیش یکم نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) بنگلہ دیش کے ساحل پر آج درجنوں پناہ گزینوں سے بھری ہوئی ایک چھوٹی ماہی گیر کشتی کے غرقاب ہو جانے سے دو بچوں ، ایک مرد اور ایک عورت سمیت چار روہنگیائی مسلمانوں کی ڈوب کر موت واقع ہوگئی، جبکہ 37 لوگوں کو بچالیا گیا۔ اوکھیا پولیس اسٹیشن کے انچارج محمد ابوالخیر نے بتایا کہ ساحل پٹی میں رہنے والوں نے 37 لوگوں کو بچا لیا جن میں سے 11 کو نازک حالت میں اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔
اطلاع کے مطابق بارش ہونے سے سمندر میں تلاطم تھا جس سے کشتی پلٹ گئی حادثہ میں بچ جانے والوں نے بتایا کہ انہوں نے بنگلہ دیش پہنچنے کے لیے 5 ہزار کیات (تقریباً 37 ڈالر) ادا کئے تھے۔ واضح رہے کہ اب تک تقریباً 6 لاکھ روہنگیائی مسلمان بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہیں جن میں سے بیشتر اپنی جان خطرہ میں ڈال کر سمندر اور دریاؤں کے راستے یہاں تک پہنچنے میں کامیا ب ہوگئے ہیں جب کہ متعدد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔